12 اکتوبر 2011 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے حکام امریکی ڈرامے سے آگاہ ہیں۔

ابنا:ایرانی وزیرخارجہ نے بدھ کی رات العالم ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے واشنگٹن میں سعودی عرب کے سفیر کو قتل کرنے کے منصوبے میں ایران کے ملوث ہونے کے بارے میں امریکی الزامات کو ناکام ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب اس ڈرامے اور اس کے نتائج سے آگاہ ہے۔

علی اکبر صالحی نے کہا کہ امریکی ڈرامے کا مقصد ایران اور سعودی عرب کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کا یہ ڈرامہ جعلی اور شکست خوردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلیج فارس کے ساحلی ممالک کے ساتھ انتہائي اچھے تعلقات ہیں اور ایران اور سعودی عرب کے تعلقات بھی علاقے کی تبدیلیوں کے بارے میں اختلاف نظر کے باوجود بہت اچھے ہیں۔

دوسری جانب سپاہ پاسداران کے نائب کمانڈر بریگيڈیئر جنرل حسین سلامی نے واشنگٹن میں سعودی عرب کے سفیر کے قتل کے منصوبے میں سپاہ کے ملوث ہونے کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا یہ دعوی مضحکہ خیز اور بےبنیاد ہے۔

بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے وال اسٹریٹ مظاہروں کو روکنے میں امریکی حکومت کی ناتوانی اور ناکامی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی میں امریکی حکمرانوں کی پےدرپے ناکامیاں اس بات کا باعث بنی ہیں کہ وہ بےبنیاد دعوے کر کے عالمی رائے عامہ کی توجہ سرمایہ داری نظام کی ناکامی اور شکست سے ہٹانے کی کوشش کریں۔

دوسری جانب امریکی حکومت اپنے اس بےبنیاد دعوے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے گئی ہے۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سوزان رائس نے بدھ کے روز سلامتی کونسل کے ارکان سے الگ الگ ملاقات کی ہے تاکہ وہ ایران کے خلاف امریکہ کے اس ڈرامے کے حق میں حمایت حاصل کر سکیں۔

اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویٹالی چورکین نے بھی بدھ کے روز نیویارک میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں ایران کے خلاف امریکہ کے مضحکہ خیز ڈرامے کو عجیب قرار دیا ہے۔

امریکہ کے ایک وکیل اور اس ملک کی خفیہ تنظیم سی آئي اے کے سابق افسر جیک رائس نے بھی یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ اس واقعہ کے بارے میں امریکہ کا استدلال مکمل طور پر غیرمنطقی ہے، کہا کہ ایران پر الزام لگانے سے امریکہ کا مقصد سعودی عرب کو امریکہ اور اسرائیل کے قریب کرنا ہے۔

ادھر امریکی حکومت نے ایران کے خلاف بےبیناد پروپیگنڈے اور اقدامات کو جاری رکھتے ہوئے ایران کی ماہان ایئر لائن پر پابندی لگا دی ہے۔

 واضح رہے کہ امریکہ کے وزیر انصاف نے دعوی کیا ہے کہ پولیس نے منصور ارباب سیار نامی ایک ایرانی شہری کو سعودی سفیر کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ............

/169